سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کے مطابق، 2026 کی تیسری سہ ماہی، یعنی جولائی سے ستمبر کے دوران ملک بھر میں 54 ملین سے زیادہ شپمنٹس اور پارسل صارفین تک پہنچائے گئے، جو ای کامرس اور ڈیلیوری سروسز کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کی عکاسی کرتا ہے۔ سعودی گزٹ کے مطابق، ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے اپنی سہ ماہی شماریاتی رپورٹ میں پارسل ڈیلیوری کمپنیوں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔ یہ اعدادوشمار ان شکایات سے متعلق ہیں جو مقررہ وقت میں کمپنیوں کی جانب سے حل نہ ہونے پر اتھارٹی تک پہنچائی گئیں۔ کس ڈیلیوری کمپنی کے خلاف سب سے کم شکایات ہوئیں؟ رپورٹ کے مطابق، Ajex کے خلاف سب سے کم، صرف ایک شکایت اتھارٹی تک پہنچائی گئی، جبکہ iMile کے خلاف دو شکایات درج ہوئیں۔ GFS اور Naqel کے خلاف تین، جبکہ Starlinks اور DHL کے خلاف چار، چار شکایات سامنے آئیں۔ RedBox کے خلاف پانچ شکایات ریکارڈ کی گئیں۔ اسی طرح Aramex اور SPL کے خلاف سات، JDL کے خلاف آٹھ، جبکہ SMSA اور FedEx کے خلاف 11، 11 شکایات اتھارٹی تک پہنچیں۔ J&T کے خلاف 17 اور UPS کے خلاف 18 شکایات ریکارڈ کی گئیں، جو فہرست میں سب سے زیادہ تعداد تھی۔ صارفین شکایت کہاں درج کرا سکتے ہیں؟ سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کے مطابق، اگر کسی صارف کو پارسل کی ڈیلیوری سے متعلق مسئلہ درپیش ہو تو اسے پہلے متعلقہ ڈیلیوری کمپنی سے رابطہ کرنا چاہیے۔ اگر کمپنی مقررہ وقت میں شکایت حل نہ کرے تو صارف ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کے یکساں نمبر 19929 یا اس کی ویب سائٹ کے ذریعے شکایت آگے بڑھا سکتا ہے۔

مزید خبریں